کولکاتہ، 5 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کلکتہ ہائی کورٹ نے آج شاردا گھوٹالے کے ملزم راجیہ سبھا رکن کنال گھوش کو دو سال سے زیادہ وقت تک حراست میں رہنے کے بعد عبوری ضمانت دے دی جنہیں سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔گھوش کو مبینہ پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لئے ترنمول کانگریس سے معطل کر دیا گیا تھا۔جسٹس اشیم کمار رائے اور جسٹس ایم ایم بنرجی کی بنچ نے گھوش کو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور ایک ایک لاکھ روپے کے دو مچلکو ں پر 11نومبر تک کی ضمانت دے دی۔گھوش شاردا گروپ کا میڈیا کاروبار دیکھتے تھے۔عدالت نے ہدایت دی کہ رہا کئے جانے پر گھوش عدالتی کارروائی میں شامل ہونے یا انکوائری حکام سے ملنے کے علاوہ شہر کے نارکیل ڈانگا تھانہ علاقہ چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔عدالت نے یہ ہدایت بھی دی کہ گھوش ہفتے میں ایک بار تفتیشی افسر سے ملیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو سی بی آئی کو تحقیقات کے مقصد سے انہیں اپنے دفتر میں بلانے کی آزادی ہوگی۔معاملے میں دو نومبر کو دوبارہ سماعت ہوگی۔عدالت نے اس بات کو نوٹس میں لیا کہ گھوش کی ماں کینسر میں مبتلا ہیں جن کی عمر تقریبا 90سال ہے۔بنچ نے یہ بھی کہا کہ گھوش کے خلاف الزامات میں زیادہ سے زیادہ تین سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے جبکہ وہ دو سال سے زیادہ عرصے سے حراست میں ہیں۔گھوش پر ایک میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔